ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / فرض منصبی کی ادائیگی میں جھول نہ دکھائیں خاطیوں کے خلاف بروقت کارروائی کریں ، یومِ شہدائے پولیس تقریب سے وزیر اعلیٰ کمار سوامی کا خطاب

فرض منصبی کی ادائیگی میں جھول نہ دکھائیں خاطیوں کے خلاف بروقت کارروائی کریں ، یومِ شہدائے پولیس تقریب سے وزیر اعلیٰ کمار سوامی کا خطاب

Mon, 22 Oct 2018 11:58:54    S.O. News Service

بنگلورو،22؍اکتوبر (ایس او  نیوز) وزیر اعلیٰ ایچ ڈی کمار سوامی نے کہا کہ سماج میں بد امنی جیسے حالات پیدا کرنے کیلئے چند افراد کوشش کررہے ہیں اور ذات پات و مذہب کے نام پر فسادات پھیلانے کی سازش رچ رہے ہیں ۔ پولیس کو چاہئے کہ ان طاقتوں پر قابو پاکر ریاست کے ہر ایک شہری کو قانونی تحفظ فراہم کریں۔

یومِ شہدائے پولیس کے پیش نظر شہر کے کور منگلا میں واقع کرناٹک اسٹیٹ ریزرو پولیس ( کے ایس آر پی) میدان میں منعقدہ تقریب میں شہید پولیس اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اپنے ذاتی مفاد کی خاطر چند افراد سماج میں پھوٹ ڈال رہے ہیں ،ایسے افراد کے خلاف کارروائی کرنے میں پولیس کبھی بھی پیچھے نہ ہٹے ۔ اس کیلئے حکومت ہر ممکنہ تعاون کرنے کیلئے ہمیشہ تیار ہے۔  پولیس بلا خوف ایسے افراد کے خلاف قانونی کارروائی کریں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے خواتین کی حفاظت کے لئے بے شمار اقدامات کئے ہیں ۔ پولیس اہلکاروں کی خدمات کو سراہتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ عام افراد پولیس افسروں پر زیادہ اعتماد کرتے ہیں، اس لئے پولیس اہلکاران کی توقعات پر پورا اتریں ۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی پولیس کی خدمات اور فرض شناسی ملک بھر میں مشہور ہے ۔ یہاں کے پولیس اہلکار اپنے فرائض کو بخوبی انجام دے کر شہریوں کو تحفظ فراہم کررہے ہیں ۔ اس موقع پر ہم ریاست کی جانب سے انہیں سلام پیش کرتے ہیں ۔

وزیراعلیٰ نے بتایا کہ حکومت نے پولیس اہلکاروں کے مسائل حل کرنے کیلئے کئی پروگرامس مرتب کئے ہیں ، اس سلسلہ میں حکومت کو پیش کردہ سفارشات کو جاری کرنے کیلئے وہ نائب وزیر اعلیٰ ڈاکٹر جی پرمیشور سے جو وزیر داخلہ بھی ہیں صلاح ومشورہ کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ ملک کی حفاظت کی خاطر اپنی جان نثار کرنے والے پولیس اہلکاروں کی یاد میں منائے جانے والے اس دن پولیس اہلکاروں کے مطالبات کو پورا کرنے کے لئے حکومت تیار ہے ۔اس سلسلہ میں حکومت کسی بھی مالیاتی بوجھ کو برداشت کرے گی۔وزیر اعلیٰ نے پولیس اہلکاروں کو آواز دی کہ وہ ریاست میں کسی بھی طرح کی غیر اخلاقی سرگرمیو ں کو موقع نہ دیں کسی کے دباؤ میں آئے بغیر اپنی ڈیوٹی انجام دیں اور غلط کرنے والے افراد کے خلاف سخت کارروائی کریں ۔

انہوں نے کہاکہ اپنی فرض شناس ڈیوٹی کے دوران مختلف درجہ کے 416پولیس اہلکاروں نے اپنی جانیں قربان کی ہیں ۔ ان شہید پولیس اہلکاروں کے کنبہ کو تحفظ فراہم کرناحکومت کی ذمہ داری ہے ۔ یہ ذمہ داری حکومت بخوبی انجام دے گی ۔ انہوں نے کہا کہ جہاں فوجی جوان ملک کی حفاظت کرتے ہیں وہیں پولیس اہلکار بھی قانون اور نظم و نسق کی بالادستی کیلئے سرگرم رہتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پولیس محکمہ میں ڈیوٹی انجام دے رہی خواتین اہلکاروں اور افسروں کو تحفظ فراہم کرنے کے مقصد سے حکومت سائبر کرائم شعبہ کو مزید مضبوط کرنے پر توجہ مرکوز کررہی ہے۔تقریب میں ریاستی چیف سکریٹری ، ٹی ایم وجئے بھاسکر ، محکمہ داخلہ کے سکریٹری وجنیش ،فلم اداکار سدیپ ، انسپکٹر جنرل و ڈائرکٹر جنرل آف پولیس نیلا منی این راجو ، پولیس کمشنر ٹی سنیل کمار ، پریس کلب آف بنگلور کے صدر سداشیوشنی سمیت کئی اعلیٰ پولیس اور وظیفہ یاب پولیس افسر بھی شریک تھے۔1959میں ملک کے 10پولیس اہلکاروں کو چین کی فوج نے قتل کردیا تھا ۔ اس کی یاد میں ہر سال 21اکتوبر کو یومِ شہدائے پولیس منایا جاتا ہے ۔


Share: